بہاول نگر روڈ شہریوں کے لیے خطرناک “موت کا راستہ” بن گئی، عوامی تشویش بڑھ گئی

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)عارف والا میں بہاول نگر روڈ کی خستہ حالی اور نامکمل تعمیر شہریوں کے لیے شدید مشکلات اور خطرے کا باعث بن گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ تین سال سے سڑک کا تعمیراتی کام مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث ایک سائیڈ مکمل جبکہ دوسری سائیڈ آج تک ادھوری ہے۔ صورتحال کے باعث روڈ عملاً ون وے بن چکی ہے اور روزانہ ٹریفک حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی قیمتی جانیں اس سڑک پر حادثات کی نذر ہو چکی ہیں، تاہم متعلقہ ادارے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مسلسل دھول، ٹریفک جام اور خطرناک سفر نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے زور دیا ہے کہ ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سڑک کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں