حاصل پور(ایچ آراین ڈبلیو)واپڈا مختیار آباد سب ڈویژن میں مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بجلی کنکشنز کے حوالے سے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹاؤن مافیا اور واپڈا کے بعض اہلکاروں کے مبینہ گٹھ جوڑ سے غیر قانونی طور پر نصب کیے گئے میٹرز کو پہلے میڈیا کی نشاندہی پر ہٹا دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر “مک مکا” کے بعد وہی غیر قانونی میٹر دوبارہ نصب کر دیے گئے ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق غیر قانونی ٹاؤنز میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز سے بجلی کی فراہمی جاری تھی، جس سے سرکاری خزانے کو مبینہ طورپرلاکھوں روپےکا نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میڈیا کی جانب سے معاملہ سامنے لانے پر عارضی کارروائی ضرور کی گئی، تاہم مبینہ طور پر متعلقہ ایس ڈی او اور دیگر اہلکاروں کی ملی بھگت سے دوبارہ وہی غیر قانونی نظام بحال کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر ایس ڈی او کی جانب سے دفتر میں یہ مؤقف بھی دیا جا رہا ہے کہ “ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ہم اوپر تک حصہ دیتے ہیں”، جس پر محکمہ جاتی شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔شہریوں اور سماجی تنظیموں نے وفاقی وزیر توانائی، میپکو اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری اور شفاف انکوائری کی جائے اور مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔


