تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

بورے والا(ایچ آراین ڈبلیو)بورے والا میں ٹریفک پولیس نے تیز رفتاری اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک ظفر القدوس کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کو روکا، جو انتہائی خطرناک انداز میں چلائی جا رہی تھی۔
انسپیکٹر ٹریفک پولیس ناصر ملکا کے مطابق دورانِ ڈیوٹی ٹریکٹر ٹرالی کو تیز رفتاری اور لاپرواہی سے چلتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ ڈرائیور اپنی گاڑی کے ضروری کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس بھی پیش کرنے میں ناکام رہا۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور کی شناخت محمد عابد ولد رشید، قوم انصاری، سکنہ صدام ٹاؤن بورے والا کے طور پر ہوئی ہے، جس کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس حکام نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں