رینجرز کی بڑی کارروائی: کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ’ایمو گروہ‘ کے سرغنہ سمیت 3 کارندے گرفتار

**کراچی (ایچ آراین ڈبلیو):** پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے مجاہد کالونی، ناظم آباد میں ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک ”ایمو گروہ” کے تین سرگرم ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت گروہ کے سرغنہ محمد جنید ولد محمد عثمان، محمد شہاب ولد حمید الرحمان اور وقاص احمد عرف گھونگرو ولد محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 عدد غیر قانونی 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ گروہ ناظم آباد اور گردونواح کے علاقوں میں ڈکیتی، منشیات فروشی، ہوائی فائرنگ اور موٹر سائیکل و موبائل فون چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم شہاب نے وحید کالونی میں منشیات فروشی کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزم وقاص اپنی کباڑ کی دکان کو گروہ کے ارکان کو پناہ دینے اور انہیں منشیات فراہم کرنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں اور ان کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رینجرز نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

**اپیل برائے تعاون:**
انسانی حقوق اور عوامی مسائل کی بروقت آواز بننے والے دنیا کے نمبر 1 ہیومن رائٹس نیوز پورٹل **HRNW** کی حمایت کریں۔ آپ کے تعاون سے ہم سچائی کی ترویج اور مظلوموں کی آواز بننے کا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔
مدد کے لیے اس لنک پر کلک کریں: [https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)

اپنا تبصرہ بھیجیں