کریم آباد انڈر پاس منصوبہ تاخیر اور لاگت میں اضافے کا شکار، ارسلان خالد کا اظہار تشویش

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد نے کریم آباد انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام، تاخیر اور غیر معیاری کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2023 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ تین سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا، جبکہ ابتدائی طور پر اسے 10 ماہ میں مکمل ہونا تھا۔ ان کے مطابق منصوبے کی تکمیل کی تاریخ بار بار تبدیل کی جا رہی ہے لیکن عملی پیش رفت نہ ہونے کے برابر ہے۔

ارسلان خالد نے نشاندہی کی کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت 1 ارب 35 کروڑ روپے سے بڑھ کر 3 ارب 70 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جس پر انہوں نے شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کے ٹیکس کا خطیر حصہ اس منصوبے میں تاخیر اور مبینہ بدانتظامی کی نذر ہو رہا ہے، جبکہ شہری روزمرہ ٹریفک مسائل اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام کے باعث کریم آباد کا علاقہ خود ٹریفک جام کا مرکز بن چکا ہے، جس سے شہریوں، تاجروں اور کاروباری سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ارسلان خالد نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ بدانتظامی، نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کی واضح مثال ہے اور کراچی کے عوام مسلسل مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی عوامی مسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں