عالمی حفاظتی ٹیکہ جات ہفتہ کا آغاز، جامشورو میں آگاہی ریلی اور تقریب کا انعقاد

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)عالمی حفاظتی ٹیکہ جات ہفتہ کےموقع پر ضلع جامشورو میں آگاہی ریلی اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جامشورو ڈاکٹر پیر منظور احمد نے ڈی ایچ کیو اسپتال کوٹری میں کیا۔اس موقع پر نکالی گئی آگاہی ریلی میں محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، ویکسینیٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر حسین چانڈیو نے کہا کہ 24 اپریل سے 30 اپریل تک منائے جانے والے عالمی حفاظتی ٹیکہ جات ہفتہ کا مقصد والدین میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کے بچوں کو 12 مختلف خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائے جائیں، کیونکہ یہ بچوں کے صحت مند مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بھر کے تمام صحت مراکز، بنیادی مراکز صحت اور فیلڈ میں تعینات ویکسینیٹرز کے پاس حفاظتی ٹیکے مفت دستیاب ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی مکمل ویکسینیشن یقینی بنانے کے لیے قریبی صحت مرکز سے رابطہ کریں۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر پیر منظور احمد نے عالمی حفاظتی ٹیکہ جات ہفتہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا، جبکہ شرکاء نے بچوں کی حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق آگاہی مہم کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں