حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ صحت کے افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کی مبینہ نااہلی کے باعث تعلقہ لطیف آباد کے بھٹائی اسپتال میں گزشتہ تین سالوں سے لیبارٹری کی ایک اہم مشین خراب پڑی ہے، جس کے باعث کیمیکل ٹیسٹ کی سہولت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے-
ذرائع کے مطابق، روزانہ 300 سے زائد غریب اور مستحق مریض، جو سرکاری اسپتال میں مفت علاج کی امید لے کر آتے ہیں، اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ مجبوراﹰ انہیں نجی لیبارٹریوں سے ہزاروں روپے کے مہنگے ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں، جو ان کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں-
مقامی شہریوں اور مریضوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت مشین کی مرمت یا تبدیلی نہ کی گئی تو عوامی ردعمل مزید شدت اختیار کر سکتا ہے-شہریوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین مسئلے کو فوری حل کیا جائے تاکہ غریب مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


