ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)ساہیوال میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ، پنجاب ایمپلائیز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن اور محکمہ لیبر و انسانی وسائل کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود، سوشل سکیورٹی سہولیات اور بڑھاپا پنشن کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے سربراہان نے اپنی کارکردگی، جاری اقدامات، رجسٹریشن کے عمل، مالی معاونت، طبی سہولیات اور پنشن سے متعلق امور پر بریفنگ دی جبکہ درپیش مسائل اور چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔
کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مستحق مزدوروں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنائیں اور سہولیات کے معیار میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے درمیان مؤثر روابط کو فروغ دیا جائے تاکہ مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے بھی شرکت کی، جس میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


