کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی پولیس چیف نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے مختلف تھانوں کے 7 ایس ایچ اوز سمیت متعدد افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے فرائض میں غفلت اور انکوائریز کی بنیاد پر سخت ایکشن لیتے ہوئے شہر کے مختلف تھانوں کے 7 انسپکٹرز (ایس ایچ اوز)، 3 اے ایس آئیز اور 3 ہیڈ کانسٹیبلز کو فوری طور پر عہدوں سے معطل کر دیا ہے۔
پولیس چیف کے حکم نامے میں کہا گیا کہ معطل ہونے والوں میں قمر جاوید کیانی (ایس ایچ او نیو کراچی) ، فیصل لطیف (ایس ایچ او موچکو) ، رضوان قریشی (ایس ایچ او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا) ، خالد رفیق (ایس ایچ او مدینہ کالونی) ، فراست شاہ (ایس ایچ او بلدیہ) ، نفیس الرحمان (ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن) اور احسان چنہ (انسپکٹر) شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ضلع کیماڑی سے تعلق رکھنے والے 3 اے ایس آئیز اور 3 ہیڈ کانسٹیبلز کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
کراچی پولیس چیف کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ معطلیاں ان افسران کے خلاف جاری انکوائریز فائنل ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں، تمام معطل افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر متعلقہ زونل ہیڈ کوارٹرز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ صرف ابتدائی قدم ہے، انکوائری کی روشنی میں ان افسران کے خلاف مزید سخت محکمہ جاتی کارروائی بھی کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بڑے ایکشن کا مقصد محکمے میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنا اور کالی بھیڑوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
کراچی پولیس چیف نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی کرنے والے کسی بھی افسر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔


