ریگی ناردرن بائی پاس کے قریب سی ٹی ڈی کارروائی، دو انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) ریگی ناردرن بائی پاس کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں ان کی SWAT ٹیم نے گھات لگا کر آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عباس اور عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عباس متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جن میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران شہید کانسٹیبل ثناء اللہ سے متعلق ایک موبائل فون بھی دہشت گرد عباس سے برآمد ہوا ہے، جو مبینہ طور پر واقعے سے متعلق شواہد کا حصہ ہو سکتا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ کے دوران دہشت گردوں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں