کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ویسٹ ضلع میں تھانہ منگھوپیر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے ایک ڈمی/نقلی پستول، ایک غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ موبائل فون تھانہ منگھوپیر کے علاقے سے اسلحہ کے زور پر چھینا گیا تھا، جس کا مقدمہ الزام نمبر 786/2025 بجرم دفعات 392، 397 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت نیا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت جاوید خان ولد غلام رسول اور سعد ولد عظمت خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی تھانہ منگھوپیر میں درج متعدد مقدمات میں جیل جا چکے ہیں، جن میں ڈکیتی، اقدام قتل، اسلحہ ایکٹ اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔


