37

کراچی میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والا خطرناک گینگ بے نقاب، دو ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)رات کی تاریکی میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر چوری کرنے والے ایک خطرناک گینگ کے اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان رات کے اوقات میں اسکولوں میں داخل ہو کر قیمتی سامان چوری کرتے اور موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گینگ واردات سے قبل باقاعدہ ریکی کرتا تھا اور بعض اوقات سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنا کر واردات انجام دی جاتی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ گینگ 2023 سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھا اور متعدد اسکولوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔ ایسٹ زون کے تھانہ گلشنِ اقبال پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت جان شیر ولد رحیم زیب اور مصدق عرف موسیٰ ولد حامد حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر 20 سی پی یو، 22 کمپیوٹر ایل سی ڈی، ایک ایل ای ڈی ٹی وی، 3 ائیر کنڈیشنر، ایک این وی آر اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے گلشنِ اقبال سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں