موٹر سائیکلوں کا آمنے سامنے تصادم، 3 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)پاکپتن کے نواحی علاقے جمن شاہ روڈ قبولا کے قریب چک 23/KB کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 20 سالہ اکرام ولد شریف، 60 سالہ حنیفاں بی بی زوجہ شریف اور 18 سالہ علی حیدر ولد علی شیر شامل ہیں۔ تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے ان کے گھروں کو منتقل کر دی گئیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 60 سالہ غلام فاطمہ زوجہ نیک محمد، 15 سالہ حمید ولد رشید اور 15 سالہ احمد رضا ولد وزیر احمد شامل ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عارف والا منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثہ غالباً کراسنگ کے دوران احتیاط نہ برتنے کے باعث پیش آیا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو کنٹرول میں رکھیں اور سڑک عبور کرتے وقت مکمل احتیاط برتیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں