کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی سندھ) اور ایک حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم “زینبیون” کے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم فرحان کو یونیورسٹی روڈ سے ایک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 2023 میں 12 ربیع الاول کے موقع پر فیڈرل بی ایریا بلاک 20 میں ایک امام مسجد کو نشانہ بنایا تھا، جس دوران ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تنظیم کے دیے گئے ہدف پر عمل کیا اور شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


