گوجرانوالہ، انسانی اسمگلر گرفتار، لاکھوں روپے برآمد

گوجرانوالہ(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں مبینہ طور پر ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد طاہر نے شہری محمد اقبال کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 21 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔ ملزم نے متاثرہ شہری کو غیر قانونی طریقے سے کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی پہنچانے کی کوشش کی تھی۔

حکام کے مطابق دورانِ سفر اٹلی کی سمندری حدود میں کشتی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں متاثرہ شہری جاں بحق ہو گیا۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 99 لاکھ 70 ہزار روپے کی خطیر رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں