نارووال(ایچ آراین ڈبلیو)سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر دیا جس کے بعد شوہر اور والدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نارووال تھانہ ندوکے کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کو اس کے سسرالیوں نے مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے داماد نے اپنے والدین کے ساتھ مل کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں پھندا ڈال کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ کے گلے پر پھندے کے واضح نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
مقتولہ کے لواحقین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


