حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر گھانگرا نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کو عالمی امن کی جانب ایک فیصلہ کن اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔
زبیر گھانگرا نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوئی بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید بحران سے بچانے کا ذریعہ بنی۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار، سنجیدہ اور امن پسند ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار منوایا ہے۔ پاکستان کی بروقت اور فعال سفارتکاری نے خطے کو بڑے تصادم سے بچا کر دنیا کے سامنے مضبوط اور مؤثر ثالث کے طور پر اپنی حیثیت اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے فوری بعد عالمی معیشت میں بہتری کے آثار نظر آئے، خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی جس سے عالمی منڈی میں استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ زبیر گھانگرا نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان کے صنعتی شعبے کے لیے “گیم چینجر” ثابت ہو سکتی ہے، جس سے بجلی کی پیداواری لاگت، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے اخراجات کم ہوں گے اور ملکی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بنیں گی۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی بحالی کو عالمی سپلائی چین کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خام مال کی بروقت دستیابی صنعتی پیداوار کے استحکام کو یقینی بنائے گی۔
چیئرمین سائٹ نے یورپی ممالک، ترقی یافتہ معیشتوں اور عالمی تجارتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے امن دوست کردار کو تسلیم کریں اور پاکستانی مصنوعات کی اپنی منڈیوں تک رسائی کو مزید بڑھائیں، تاکہ صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو۔
زبیر گھانگرا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فوری فائدہ عوام اور صنعت تک پہنچایا جائے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، صنعتی بجلی کے نرخوں میں ریلیف، گیس کی بلا تعطل فراہمی اور ٹیکسوں میں نرمی ناگزیر ہے تاکہ کاروبار اور معیشت کو استحکام ملے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ مثبت صورتحال سے بروقت فائدہ نہ اٹھایا گیا تو یہ ایک ضائع شدہ موقع ہوگا، لہٰذا حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔


