شہید بینظیر آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی پی فیصل بشیر میمن اور ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے پولیس تھانہ اے-سیکشن اور تھانہ سکرنڈ کا تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد تھانوں کو جدید طرز پر استوار کر کے “ماڈل تھانہ” میں تبدیل کرنے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا تھا۔
دورہ تھانہ اے-سیکشن:
تھانہ اے-سیکشن میں مختلف حصوں کا معائنہ کیا گیا جہاں عمارت کو جدید ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی پی نے جاری کام کی کوالٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور پولیسنگ کے نظام میں بہتری آئے۔
دورہ تھانہ سکرنڈ:
بعد ازاں تھانہ سکرنڈ کا دورہ کیا گیا جہاں بھی تھانے کی نئی طرز پر تعمیر اور ماڈل تھانہ میں تبدیلی کے حوالے سے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی آئی جی پی کے احکامات:
افسران نے کہا کہ “پولیس اسٹیشنز کو ماڈل تھانوں میں تبدیل کرنے کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور دوستانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ جدید انفراسٹرکچر سے پولیس ملازمین کی کارکردگی بہتر ہوگی اور سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔”
انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں، تھانوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فرنٹ ڈیسک کو مزید فعال بنایا جائے۔


