حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا مہنگائی پر شدید ردعمل

حیدرآباد( ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین، زبیر گھانگرا نے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بالخصوص صنعتی بجلی کے بلوں میں عائد مختلف اضافی ٹیکسز و سرچارجز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال نہ صرف چھوٹے تاجروں بلکہ صنعتی شعبے کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معاشی صورتحال پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، ایسے میں توانائی کے نرخوں میں بے جا اضافہ اور صنعتی بجلی کے بلوں میں مختلف مدات جیسے کہ اضافی ٹیکسز، فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر سرچارجز نے کاروباری لاگت کو ناقابلِ برداشت حد تک بڑھا دیا ہے۔ بجلی کے بھاری بلوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ گیس کی غیر یقینی فراہمی نے صنعتی پیداوار کو مزید محدود کر دیا ہے۔زبیر گھانگرا نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ طوفان میں خام مال کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور یوٹیلیٹی اخراجات میں مسلسل اضافہ کاروباری برادری کے لیے ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف صنعتوں کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ کئی یونٹس اپنی سرگرمیاں محدود یا بند کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے بے روزگاری میں اضافے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقیدی انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی میں صنعتی شعبے کو درپیش زمینی حقائق کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا دارومدار اس کی صنعتوں کی مضبوطی پر ہوتا ہے۔ اگر صنعتیں ترقی کریں گی تو نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔چیئرمین نے واضح کیا کہ صنعتی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتیں معقول اور مستحکم سطح پر نہ لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پالیسیوں کا تسلسل، شفافیت اور طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے تاکہ کاروباری برادری کو اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کا موقع مل سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتی بجلی کے بلوں میں شامل غیر ضروری ٹیکسز اور سرچارجز کو فوری طور پر کم یا ختم کیا جائے۔بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کر کے انہیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مسابقتی بنایا جائے۔چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف پیکیج متعارف کروایا جائے اورمقامی صنعتوں کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور کاروباری آسانیوں کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے۔ زبیر گھانگرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری کے مسائل کو سنجیدہ اور تعمیری انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچاتی رہے گی اور قومی معیشت کے استحکام کے لیے مثبت تجاویز پیش کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں