پنجاب(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب میں ضلع پاکپتن نے بہترین انتظامی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رینکنگ اسکور اپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ضلع پاکپتن نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کلیدی کارکردگی اعشاریہ (KPIs) کے تحت تیسرے گروپ کے 17 اضلاع میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے سرفہرست مقام حاصل کیا۔
یہ شاندار کامیابی ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا کی مؤثر قیادت، جامع حکمتِ عملی اور دن رات کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مختلف شعبہ جات میں کارکردگی کو بہتر بنانے، سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
ضلعی سطح پر مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، اداروں کے مابین مضبوط ہم آہنگی اور احتساب کے مؤثر نظام نے پاکپتن کو صوبائی سطح پر ایک نمایاں مقام دلایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ یہ اعزاز پوری ضلعی ٹیم کی اجتماعی کاوشوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق گورننس کے معیار کو بلند کرنے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، جس کے باعث یہ نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع پاکپتن کو ترقی، شفافیت اور بہترین طرزِ حکمرانی کی مثال بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


