اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مالی امداد میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے مطابق بی آئی ایس پی کے تحت مستحق خاندانوں کو دی جانے والی سہ ماہی رقم جنوری 2027 سے 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 19 ہزار 500 روپے کر دی جائے گی۔
حکام کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید 2 لاکھ خاندانوں کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد مستفید ہونے والے گھرانوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور غریب و مستحق طبقے کو بہتر مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔ فیصلے سے لاکھوں خاندانوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔


