لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں شہری خاتون کی شکایت پر تھانہ نصیر آباد کے سب انسپکٹر فیصل ریاض کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔
شکایت میں الزام تھا کہ سب انسپکٹر نے خاتون کے بھتیجے کا نام کالعدم تنظیم کی فہرست سے نکالنے کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے رشوت کے طور پر طلب کیے اور بعد میں مزید رقم کا تقاضہ کیا، ساتھ ہی خاتون کو ہراساں بھی کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری طور پر ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کو انکوائری کا حکم دیا، جس میں فیصل ریاض کو قصوروار قرار دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ نمبر 1702 درج کر لیا گیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ “پولیس میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی ہماری اولین ترجیح ہے۔ بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔”


