جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں، مگر تنازع دوبارہ شروع نہ ہونے کی ضمانت دی جائے: ایرانی صدر

تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم ایران اس بات کی مضبوط ضمانت چاہتا ہے کہ تنازع دوبارہ شروع نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی صدر نے یہ بات یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔ گفتگو میں صدر پزشکیان نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے صرف جنگ بندی نہیں بلکہ تنازع کے مستقل خاتمے کی ضمانت ضروری ہے۔

ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے غیر معمولی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، جو قابلِ تحسین اور قومی طاقت کی علامت ہے۔

اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی واضح کیا تھا کہ ایران محض عارضی جنگ بندی نہیں چاہتا بلکہ جنگ کے مکمل اور جامع خاتمے کا خواہاں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ امریکا کے نمائندہ خصوصی کی جانب سے براہِ راست پیغامات موصول ہو رہے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی سے متعلق بعض امور پر بات چیت پاکستان کے ذریعے جاری ہے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی پر غور کر سکتے ہیں۔

ان بیانات کے بعد خطے میں سفارتی اور عسکری صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ عالمی برادری کشیدگی میں کمی کے لیے ممکنہ سفارتی راستوں کی تلاش میں مصروف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں