جنگ بندی کا فیصلہ ایران کی شرائط پر ہوگا‘امریکی تجاویزمسترد

تہران(ایچ آراین ڈبلیو) ایران نے جنگ بندی کے لیے امریکا کی جانب سے دی گئی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنگ بندی کا کوئی بھی فیصلہ صرف اور صرف ایران کی شرائط پر ہوگا۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکا کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاہم انہیں غیر مناسب قرار دے دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یا کوئی اور فریق ایران کو یہ طے کرنے کا اختیار نہیں دے سکتا کہ جنگ کب اور کیسے ختم ہوگی۔

ایرانی حکام نے علاقائی ثالث کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ ایران اپنا دفاع جاری رکھے گا اور کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق جنگ کے خاتمے کی پہلی اور بنیادی شرط یہ ہے کہ ایران پر ہونے والے تمام حملے فوری طور پر بند کیے جائیں اور ایرانی عہدیداروں کے قتل کا سلسلہ روکا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب تک ایرانی شرائط پوری نہیں ہوتیں، دفاعی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے لیے ٹھوس اور بین الاقوامی ضمانت شدہ اقدامات کیے جائیں۔

ایرانی مؤقف میں یہ بھی شامل ہے کہ ایران میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مکمل تعین کیا جائے اور ان نقصانات کی ادائیگی کی واضح ضمانت دی جائے۔ ایرانی حکام کے مطابق یکطرفہ فیصلے یا عارضی جنگ بندی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں