ایران نے میزائل پر ہسپانوی وزیراعظم کی تصویر لگا کر اسرائیل پر حملہ کیا

تہران/میڈرڈ(ایچ آراین ڈبلیو)ایرانی فوج کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے ایک میزائل حملے سے متعلق غیر معمولی دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ہسپانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے سے قبل ایرانی فوج نے ایک میزائل پر پیڈرو سانچیز کی تصویر آویزاں کی اور اس کے سامنے شکریے کے الفاظ تحریر کیے گئے۔

میزائل پر ہسپانوی وزیراعظم کے اس بیان کا حوالہ بھی درج تھا جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جنگ کو “غیر قانونی اور غیر انسانی” قرار دیا تھا۔ کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ایران کی جانب سے اسپین کے حالیہ مؤقف کے اعتراف کے طور پر کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسپین نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں پر امریکا اور اسرائیل کی سخت تنقید کی ہے۔ اسپین نے نہ صرف عسکری کارروائی کی مخالفت کی بلکہ اپنے فوجی اڈوں کو بھی خطے میں حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔

تاہم اس واقعے سے متعلق سرکاری سطح پر ایران یا اسرائیل کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے دعوؤں کو محتاط انداز میں دیکھا جانا چاہیے اور حتمی موقف کے لیے سرکاری بیانات کا انتظار ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں