عیدالفطر پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر رش، لاکھوں سیاحوں کی آمد

خیبرپختونخوا(ایچ آراین ڈبلیو)عیدالفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی ریکارڈ آمد دیکھنے میں آئی ہے۔ اس حوالے سے اعداد و شمار خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق عیدالفطر کے تین دنوں کے دوران 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں نے صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ سیاحوں نے وادی سوات کا رخ کیا، جہاں ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد سیر و تفریح کے لیے پہنچے۔ اس کے علاوہ گلیات میں بھی عیدالفطر کے دوران 51 ہزار 886 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق اس دوران 76 غیر ملکی سیاح بھی خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات پر موجود رہے اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔

سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد سے مقامی سیاحت کو فروغ ملا ہے، جبکہ ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی نمایاں سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں