کولمبیا میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار، 66 افراد ہلاک

کولمبیا(ایچ آراین ڈبلیو)فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ ملک کے جنوبی علاقے میں پیش آیا۔

کولمبین وزیرِ دفاع کے مطابق فضائیہ کا C-130 طیارہ پورٹو لیگویزامو کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ طیارے نے پیرو کی سرحد کے قریب واقع ایئر بیس سے اڑان بھری تھی۔

فائرفائٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیارہ اُڑان بھرتے وقت رن وے کے اختتام کے قریب کسی رکاوٹ سے ٹکرا گیا، جس کے باعث توازن بگڑ گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق طیارہ تیزی سے نیچے آ رہا تھا کہ اس کا ایک پر درخت سے بھی ٹکرا گیا۔

حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ اس میں موجود دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا، جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور لاشوں کو ملبے سے نکالا۔

کولمبین حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فضائیہ کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں