مردان: کاٹلنگ میں گھر کے اندر فائرنگ، 3 خواتین جاں بحق، 2 بچے زخمی

مردان(ایچ آراین ڈبلیو) مردان کے علاقے کاٹلنگ کے گاؤں قاسمی کلے میں نامعلوم افراد نے گھر کے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین خواتین موقع پر جاں بحق جبکہ دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ایمبولینسیں اور طبی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق خواتین اور زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے زخمی بچوں کو مزید علاج کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس ریفر کر دیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مزید تفصیلات آنے پر صورتحال واضح ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں