جامشورو میں یومِ پاکستان کی شایانِ شان تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا، ریلی کا انعقاد

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو) یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی قیادت میں ڈی سی آفس میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا گیا، جبکہ ڈی سی آفس سے ڈی سی چوک تک ایک پرجوش ریلی بھی نکالی گئی، جس میں افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جب 1940ء میں قراردادِ لاہور کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خودمختار وطن کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ملک کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں “اتحاد، ایمان اور تنظیم” پر عمل کرنے کا درس دیتا ہے، اور انہی اصولوں پر چل کر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈاکٹر عدنان منیر تنیو، اسسٹنٹ کمشنر کوٹری حسنین رضا میمن، اسسٹنٹ کمشنر مانجھند اسد کریم سومرو، ایم ایس ڈی ایچ کیو کوٹری ڈاکٹر برکت علی لغاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امیر کولاچی سمیت تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، ریونیو، میونسپل اور ٹاؤن محکموں کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں