دریائے پونچھ سے نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد، تشدد کے واضح نشانات

کوٹلی(ایچ آراین ڈبلیو)تتہ پانی پل کے نیچے واقع دریائے پونچھ سے ایک نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کے بعد کوٹلی منتقل کر دیا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال متوفیہ کے ورثا کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ریسکیو اور ابتدائی معلومات کے مطابق لاش بالکل تازہ حالت میں ہے، تاہم جسم پر موجود نشانات کئی سنگین سوالات کو جنم دے رہے ہیں۔ لڑکی کی انگلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، انگوٹھے پر سیاہی کے نشانات موجود ہیں، گردن پر تازہ زخم پائے گئے ہیں جبکہ ہاتھوں پر نئی مہندی لگی ہوئی ہے۔ ان شواہد کی بنیاد پر یہ واقعہ کسی سادہ حادثے کے بجائے ایک سنگین جرم کی طرف اشارہ کرتا دکھائی دیتا ہے۔

واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی اس لڑکی کے بارے میں معلومات رکھتا ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرے، تاکہ ورثا تک خبر پہنچ سکے اور انصاف کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔ یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر معاشرے میں عورتوں پر ہونے والے تشدد اور ظلم پر گہرے سوالات اٹھا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں