کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لانڈھی بھینس کالونی روڈ نمبر 05 قبرستان کے قریب واقع ایک گھر سے ایک مرد اور ایک خاتون کی تشدد شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملنے پر ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ایدل زوجہ عرفان (عمر 32 سال) اور صدر ولد نامعلوم (عمر تقریباً 40 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ قتل کی وجوہات اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔


