اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے میں مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔
این ڈی ایم اے نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش کی پیشگوئی کی اور برفباری کا الرٹ جاری کیا۔
الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹے میں مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جی بی اور آزاد کشمیر میں بارش سے برفباری کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
استور، اسکردو، ہنزہ، وادی نیلم، کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور گوادر میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
چترال، سوات، دیر، پشاور و دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ 18 سے 21 مارچ بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔
برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔


