بنی گالہ پولیس کی بڑی کارروائی، 5 کروڑ روپے مالیت کی گھریلو چوری کا سراغ لگا لیا

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) – تھانہ بنی گالہ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے مالیت کی گھریلو چوری کا سراغ لگا لیا، دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں طلائی زیورات اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ یہ کارروائی حالیہ دنوں میں اسلام آباد پولیس کی سب سے بڑی ریکوری میں سے ایک تصور کی جا رہی ہے، جو شہزاد ٹاؤن میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی واردات سے بھی بڑی ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور اعلیٰ پولیس حکام نے ایس ایچ او تھانہ بنی گالہ اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور برق رفتاری سے کی گئی اس کامیاب کارروائی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق واردات میں ملوث چوروں کو مال کے چَسکنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا، جس سے پولیس کی مستعدی اور چاق و چوبند رویے کا اندازہ ہوتا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی نہ صرف اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ قابلیت کا مظہر ہے بلکہ یہ ایک مثال ہے کہ اگر نیت صاف اور ارادہ پختہ ہو تو بڑے سے بڑا مجرم بھی قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا۔

اس موقع پر عوامی و صحافتی حلقوں کی جانب سے آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جس طرح کرپشن پر افسران کو فوری سزا دی جاتی ہے، اُسی طرح ایسے فرض شناس افسران کو فوری انعام و اعزاز سے نوازا جائے، تاکہ پولیس کا مورال بلند ہو اور دیگر افسران بھی حوصلہ پکڑیں۔

صحافتی برادری نے اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس جہاں اچھا کام کرے گی، وہاں اُسے بہترین الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا، اور جہاں کرپشن و نااہلی ہو گی، وہاں صحافت جہاد بن کر سامنے آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں