واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے عالمی مدد کی اپیل پر دنیا کا ردعمل خاموش رہا ہے اور اب تک کسی بھی ملک نے خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔
امریکا کے اہم اقتصادی اتحادی جاپان نے بھی بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ جاپانی حکمراں جماعت کے پالیسی چیف کے مطابق، خطے میں انتہائی خطرناک حالات پیدا ہونے کے بعد ہی جاپانی بحری جہاز آبنائے ہرمز روانہ کیے جا سکیں گے۔
چین بھی ٹرمپ کی اپیل پر خاموش رہا، تاہم چینی سفارت خانے نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے کو مؤثر بنانے پر کام کرے گا اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔
ادھر، امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ چین آبنائے ہرمز کھلوانے میں تعمیری شراکت دار بنے گا۔ برطانوی وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ نے بھی کہا کہ وہ امریکا اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور ممکن ہے بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے ڈرون بھی بھیجے جائیں۔
جنوبی کوریا نے کہا کہ وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ فرانس نے پہلے ہی اپنے بحری جہاز خطے میں بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔
عالمی ردعمل کے بغیر، امریکی کوششیں آبنائے ہرمز کھلوانے میں مشکلات کا شکار ہیں اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔


