اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی پیش کردہ قراردادوں کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری کے سامنے اپنے موقف کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت بھی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے یو اے ای پر کیے گئے حملوں میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے، اور اس کارروائی نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو جنگ کے بدترین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا، اور پاکستان ان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قرارداد کو بھی مثبت نگاہ سے دیکھتا ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی قرارداد کا بنیادی مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوجی سرگرمیاں فوری طور پر بند کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
مبصرین کے مطابق پاکستان کا یہ موقف خطے میں امن و استحکام کے لیے متوازن سفارتی پوزیشن کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں طرف سے جاری کشیدگی کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔


