اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزارت مذہبی امور نے حج فلائیٹ کے شیڈول کی تیاری عارضی طور پر روک دی ہے کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر ممکنہ حملوں سے پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ حالات کے پیشِ نظر فلائیٹ شیڈول متاثر ہو سکتا ہے، تاہم حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول کی حتمی تیاری کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائیٹ شیڈول میں ممکنہ تاخیر کے باوجود حاجیوں کے لیے ویزوں کے اجراء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حج شیڈول کی تیاری تیزی سے جاری ہے اور امکان ہے کہ عید الفطر سے قبل تمام انتظامات کے ساتھ شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ اس میں فلائیٹ شیڈول، بلڈنگ بکنگ، روم ایلوکیشن اور دیگر انتظامات شامل ہوں گے، اور عازمین کے لیے وزارت کی ویب سائٹ اور پاک حج موبائل ایپ پر دستیاب ہوگا۔
مزید براں، عازمین کی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے فوراً بعد شروع ہوگا اور تربیتی مواد و شیڈول پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے تاکہ حج کی تیاری بروقت مکمل ہو سکے۔


