انسپکشن ٹی کسی بھی غیر قانونی کنکشن کے لیے استعمال نہیں کی جاتی، واٹرکارپوریشن کی سوشل میڈیا خبروں کی تردید

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ترجمان واٹر کارپوریشن نے اپنے جاری کردہ ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جامعہ کراچی میں متاثرہ پانی کی لائن کی تصویر کے ساتھ جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں.

ان خبروں میں دکھائی گئی انسپکشن ٹی کو غلط انداز میں غیر قانونی کنکشن کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو حقیقت کے بالکل برعکس ہے.

ترجمان نے بتایا کہ انسپکشن ٹی کسی بھی غیر قانونی کنکشن کے لیے استعمال نہیں کی جاتی بلکہ یہ لائن کے اندر مزدوروں کی آمد و رفت اور مرمتی سامان لے جانے کے لیے عارضی طور پر نصب کی جاتی ہے اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اسے نٹ بولٹ کے ذریعے مکمل طور پر بند اور سیل کر دیا جاتا ہے.

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جامعہ کراچی میں مرمتی کام کی تکمیل کے بعد بھی یہی طریقہ کار اپنایا گیا اور انسپکشن ٹی کو ضابطے کے مطابق مکمل بند کر دیا گیا ہے.

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی یہ پوسٹس نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ان کا مقصد عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے جبکہ واٹر کارپوریشن اپنے تمام کام مقررہ قواعد و ضوابط اور قانونی دائرے میں انجام دیتا ہے اور کسی بھی غیر قانونی عمل یا کنکشن کی سختی سے نفی کرتا ہے

اس لیے عوام سے گزارش ہے کہ ایسے غیر مصدقہ اور گمراہ کن اطلاعات پر یقین نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں