حیدرآباد میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا آغاز

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا ہے، جسے شہر میں امن و امان کے قیام اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک بروقت اور انتہائی اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (HSATI) کے چیئرمین زبیر گھنگھرا نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور تجارتی سرگرمیوں کے پیش نظر حیدرآباد جیسے بڑے صنعتی و تجارتی شہر میں جدید نگرانی نظام وقت کی اہم ضرورت بن چکا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ حیدرآباد پولیس، ضلعی انتظامیہ اور کاروباری برادری کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کے مختلف حساس اور اہم مقامات پر تقریباً 600 جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ ان میں سے 120 کیمرے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر لگائے جائیں گے۔

یہ 8 میگا پکسل، 360 ڈگری ویو کے حامل کیمرے چوراہوں، مارکیٹوں، تجارتی مراکز، پیٹرول پمپس، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں نصب کیے جائیں گے تاکہ پورے شہر میں مؤثر اور مربوط نگرانی کا نظام قائم کیا جا سکے۔

چیئرمین زبیر گھنگھرا نے مزید بتایا کہ طارق رزاق دھاریجو ڈی آئی جی حیدرآباد نے انہیں حیدرآباد اور جامشورو اضلاع کے لیے اس منصوبے کا ڈسٹرکٹ چیف مقرر کیا ہے، جبکہ معروف سماجی شخصیت عمران سحروردی کو ڈپٹی چیف نامزد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے کہا کہ اگلے تین ماہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں کیمرے نصب کر دیے جائیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر کیمروں کی تعداد 600 سے بڑھا کر 800 بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے ماڈل سے متاثر ہو کر کیا جا رہا ہے، جہاں پولیس، انتظامیہ اور کاروباری برادری مل کر شہر میں جرائم کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔

ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ جب سندھ حکومت کا سیف سٹی پروجیکٹ منظور ہو جائے گا تو ان کیمروں کو بھی بڑے نیٹ ورک سے منسلک کر دیا جائے گا، جس سے حیدرآباد کے سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زبیر گھنگھرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ HSATI پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس، انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کا یہ اشتراک حیدرآباد کو ایک محفوظ، جدید اور کاروبار دوست شہر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں مراد علی سونی (چیف کمیونٹی پولیسنگ کراچی)، شازیب چچڑ (ایس ایس پی حیدرآباد)، زین العابدین میمن (ڈپٹی کمشنر حیدرآباد)، عامر شہاب (سینئر وائس چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن) سمیت پولیس افسران، ضلعی حکام، تاجر رہنما اور مختلف کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اس اقدام کو شہر میں امن و امان کی بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں