اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ہی دن میں 5.79 فیصد اضافے کے بعد 77.09 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی مجموعی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں قیمت 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اسی رفتار سے بڑھتی رہیں تو پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے قیمتوں کے تعین کے لیے مارکیٹ کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں ایندھن کے استعمال میں احتیاط کریں اور ضروری اقدامات سے متعلق حکومتی اعلامیے پر نظر رکھیں۔


