زندگی سے مایوس طالب علم کی ڈی آئی جی آپریشنز سے مدد کی اپیل

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) زندگی سے مایوس ایک طالب علم کی اپیل پر لاہور پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان نے فیصل کامران سے کھلی کچہری کے دوران ہنی ٹریپ میں پھنسنے کی شکایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کھلی کچہری میں دی گئی یقین دہانی کو عملی اقدام میں بدلتے ہوئے فوری نوٹس لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

لاہور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ہنی ٹریپ گینگ میں ملوث ملزمان مصباح، اسد اور احمد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ مصباح فیس بک کے ذریعے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو ٹارگٹ کرتی تھی، بعد ازاں ویڈیو کالز کے ذریعے نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کی جاتیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان اسکرین ریکارڈنگ کے ذریعے نیم عریاں ویڈیوز محفوظ کر کے متاثرین سے بھتہ وصول کرتے تھے، جبکہ جعلی موبائل اکاؤنٹس پر رقم منتقل کروانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان کے موبائل فونز سے درجنوں متاثرہ افراد کا ڈیٹا بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر اجنبی افراد سے محتاط رہیں، نامعلوم افراد کی ویڈیو کال ہرگز وصول نہ کریں اور اپنی ذاتی تصاویر یا معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ کی کسی بھی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کامیاب کارروائی پر متعلقہ پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں