حکومتِ بلوچستان کا پسنی فش ہاربر کو مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) حکومتِ بلوچستان نے پسنی فش ہاربر کو مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پسنی فش ہاربر کی بحالی اور ترقی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری فشریز طارق قمر اور متعلقہ حکام نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعلیٰ نے منصوبے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے جامع فزیبلٹی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رپورٹ مئی تک پیش کی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ غیر قانونی ٹرالنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ماہی گیروں کے حقوق کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسنی فش ہاربر کی بحالی سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ساحلی علاقوں کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات بھی شریک ہوئے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پسنی فش ہاربر کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے فعال بنایا جائے گا تاکہ بلوچستان کی ماہی گیری کی صنعت کو مستحکم کیا جا سکے اور ساحلی پٹی کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں