اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) خطے میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور ایران پر حالیہ حملوں کے تناظر میں حکومتِ پاکستان نے اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق پاکستانی شہری موجودہ حالات کے پیشِ نظر ایران کا غیر ضروری سفر کرنے سے مکمل گریز کریں۔ ایڈوائزری میں ایران میں مقیم پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے لیے انتہائی محتاط رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں۔
دفتر خارجہ نے مزید تاکید کی ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی شہری قریبی پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانوں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ شہریوں کی سہولت اور ہنگامی مدد کے لیے متعلقہ پاکستانی مشنز کے رابطہ نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے اور بیرونِ ملک موجود پاکستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سفارتی مشنز سے رابطہ کریں۔


