اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاک-افغان سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی کے حوالے سے شکایت جائز ہے، لیکن افغانستان کی خودمختاری اور داخلی مشکلات کا احترام بھی ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں طرف سے جذباتی رویے خطے میں پیچیدگیوں کو بڑھا رہے ہیں، اس لیے دوطرفہ مفادات، قابل اعتماد سیکیورٹی فریم ورک اور بین الاقوامی مسلمہ ضابطوں کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی مہم جوئی مسئلے کا پائیدار حل نکال سکتی ہے، جبکہ یکطرفہ عسکری کارروائی مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے دونوں ممالک سے تحمل، برداشت اور ذمہ دارانہ رویے اپنانے کی اپیل کی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے خواہاں ممالک سے توقع ہے کہ وہ پرامن سفارتی مداخلت کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔


