لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی آفس لاہور کے نادر ہال میں ریونیو عدالت اور کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حفیظ کریم داد چغتائی نے ریونیو سے متعلقہ مختلف کیسز کی تفصیلی سماعت کی اور عدالت میں موجود 25 زیر سماعت کیسز پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت کا مکمل جائزہ لیا۔ ریونیو عدالت کی اس کارروائی کے دوران عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے ایک ہی دن میں 12 اہم مقدمات کے باقاعدہ فیصلے جاری کر دیے گئے تاکہ سائلین کے معاملات جلد حل ہو سکیں۔ واضح رہے کہ اے ڈی سی آر کی قیادت میں اب ہفتے میں دو بار ریونیو عدالتوں کا باقاعدہ انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ ریونیو کے شعبے میں زیر التواء کیسز کو تیزی سے نمٹایا جا سکے اور شہریوں کو ضلعی انتظامیہ لاہور کے دفاتر میں بہتر سہولیات میسر آئیں۔


