کوہاٹ(ایچ آراین ڈبلیو) کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیڈی ڈاکٹر مہوش حسنین جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق وہ ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد اسپتال سے گھر جا رہی تھیں کہ کے ڈی اے ڈبل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس نے فوری طور پر زخمی ڈاکٹر کو اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ضلعی پولیس افسر شہباز الہٰی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تفتیشی حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دوسری جانب واقعے کے خلاف ڈاکٹروں کی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا، جس کے باعث کوہاٹ کے مختلف اسپتالوں میں ہنگامی طبی خدمات معطل کر دی گئیں۔ احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب تک ڈاکٹر مہوش حسنین کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔
واقعے کے بعد شہریوں میں شدید خوف و غصہ پایا جا رہا ہے اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔


