کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ماہِ صیام کے ابتدائی چار روز کی پرائس چیکنگ رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 30 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 15 سے زائد منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ شہر قائد کی تمام بڑی مارکیٹوں میں باقاعدگی سے پرائس چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ وزٹس ضلع وسطی میں کیے گئے جبکہ دوسرے نمبر پر ضلع ملیر رہا۔
سید حسن نقوی نے کہا کہ ماہِ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں پورے رمضان المبارک میں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


