فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)درسگاہ خدمت مرکز کے تحت 500 مستحق خاندانوں اور خصوصی معذور افراد میں باوقار انداز میں رمضان راشن تقسیم کیا گیا۔
تقریب میں معززین شہر اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں ڈائریکٹر رائے محمد ناصر نقشبندی، سید اصغر رضوی ایڈووکیٹ، محمد عمران مدنی، رانا مظہر عباس، محمد عودے حسین خاں، محمد فرحان قادری، محمد سلیم قادری اور دیگر شامل تھے۔
منتظمین نے بتایا کہ یہ فلاحی سلسلہ 15 سال قبل شروع ہوا تھا اور اب الحمد اللہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد کی مدد ممکن ہو رہی ہے۔ تقریب میں کہا گیا کہ رمضان المبارک میں مرکز میں روزے کی افطاری اور سحری کا مناسب انتظام بھی کیا جاتا ہے، جس میں شہری بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔
شہر کی معزز شخصیات نے زور دیا کہ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ معاشرے کے کمزور اور نادار افراد کا سہارا بنیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں صبر، شکر اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا نہ صرف معاشرے کو مضبوط بناتا ہے بلکہ ہمارے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بھی ہے۔
شہری حلقوں نے درسگاہ خدمت مرکز کے اس اقدام کو معاشرتی یکجہتی اور انسان دوستی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں مستحق اور خصوصی افراد کی مدد نہایت اہم اور قابلِ قدر عمل ہے۔


