پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)پاکپتن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کےویژن کےمطابق ماہِ رمضان المبارک کےدوران مارکیٹوں میں استحکام ،قیمتوں میں توازن اوراشیائےخوردونوش کی مقررہ نرخوں پربلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی ریلیف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے روزانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران پرائس کنٹرول میکنزم، مارکیٹ مانیٹرنگ اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام کاروباری مراکز پر سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں مقام پر آویزاں کی جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے گرانفروشی کی شکایات پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔
مزید ہدایات میں کہا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں مؤثر موجودگی برقرار رکھیں، مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے کریں اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی فوری گرفتاری، دکان کو تین روز تک سیل کرنے اور دیگر قانونی اقدامات میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز ضلع بھر میں پیرا فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے، جبکہ مانیٹرنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو حقیقی ریلیف اور قیمتوں میں پائیدار توازن فراہم کیا جا سکے۔


