72

نوجوان نسل کو قرآن و سنت کی جانب راغب کررہے ہیں طاہر سلطانی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ادارہ چمنستانِ حمد و نعت ٹرسٹ کے بانی چیئرمین اور عالمی شاعرِ حمد و نعت طاہر سلطانی نے کہا کہ حمد و نعت کا فروغ ہماری دینی،اخلاقی اورادبی ذمہ داری ہے۔انہوں نےکہا کہ عصرِ حاضر میں نوجوان نسل کو قرآن و سنت کے پیغام سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہےاوریہ اسی وقت ممکن ہےجب علمی وادبی محافل کوباقاعدگی سے منعقد کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ اہلِ علم و دانش ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہو کر فکری اور روحانی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔ اپنی مرتب کردہ کتاب “قرآن نمبر” معززمہمانوں کوپیش کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ یہ کاوش قرآن فہمی، عشقِ رسول ﷺ اور دینی شعور کو عام کرنے کی ایک ادنیٰ سی کوشش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تصنیف بالخصوص نوجوان نسل کے لیے رہنمائی اور فکری اصلاح کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ یہ باتیں انہوں نے بزم افق کاظمی کے جنرل سیکرٹری، ممتاز دانشور اور متعدد کتب کے مصنف سید محمد اصغر شاہ کاظمی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے سیکرٹری نشر و اشاعت محمد صادق شیخ کے اعزاز میں منعقدہ عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر بزمِ افق کاظمی کے جنرل سیکرٹری، دانشور اور مصنف سید محمد اصغر کاظمی نے کہا کہ علمی و ادبی نشستیں معاشرے میں مثبت سوچ اور فکری بیداری کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے طاہر سلطانی کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “قرآن نمبر” جیسی ان کی دیگر تصانیف بھی معاشرے میں دینی و اخلاقی اقدار کے استحکام کا ذریعہ بن رہی ہیں اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے سیکرٹری نشر و اشاعت محمد صادق شیخ نے کہا کہ دین اور ادب کا حسین امتزاج ہی ایک مضبوط، باوقار اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بامقصد پروگرام اتحاد، محبت، برداشت اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علمی و ادبی شخصیات کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے کیونکہ یہی افراد معاشرے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھاتے اور قوم کی فکری رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے علمی و ادبی پروگراموں کی بھرپور حمایت اور تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ دینی و سماجی اقدار کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اس موقع پر بزمِ جہانِ حمد و نعت کے جوائنٹ سیکرٹری محمد ندیم کاردار نے کہا کہ حمد و نعت ریسرچ سینٹر کراچی میں اس نوعیت کی نشستیں علمی سرمائے میں اضافہ کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ دینی و ادبی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں