ڈی آئی خان(ایچ آراین ڈبلیو) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے وانڈہ بڈھ کے قریب پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کی، جس میں تھانہ پنیالہ کے ایس ایچ او فہیم ممتاز موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ دیگر تین اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حملے کے دوران ڈی ایس پی پہاڑپور حافظ محمد عدنان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔


